کارکلا،17؍فروری (ایس او نیوز) بین الاضلاع چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں انجام دینے والے چار لٹیروں کو کارکلا پولیس نے گرفتار کرلیا ہے اور ان کے قبضے 8.80لاکھ روپے مالیت کا مسروقہ مال بر آمد کرلیا ہے۔
گرفتار ملزمین کی شناخت بھٹکل سوڈی گیدّے کے رہنے والے نٹراج موگیر(24سال)، بیلاپو کے ساجد رحمان(19سال)، بھٹکل عثمان نگر کے معروف (21سال)اورکارکلا کے امیرالدین عرف صدام (27سال) کے طور پر کی گئی ہے۔پولیس کے بیان کے مطابق گرفتار ملزمین کے قبضے سے کاپو، پڈو بیدری اور کارکلا میں خواتین کے گلے سے چھینے گئے سونے کے ہار، کارکلا میں چرائی گئی سونے کی چوڑی اور واردات انجام دینے کے لئے استعمال کی گئی کار، لوہے کی سلاخ ،قینچی، تلواراور6500روپے نقد بر آمد کیے گئے ہیں۔برآمد شدہ مسروقہ اشیاء کی قیمت کا تخمینہ 8.80لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ نٹراج، معروف اور امیرالدین نے دوسرے ملزمین کے ساتھ مل کر اڈپی او رضلع شمالی کینرا میں مزید 15چوری اور ڈکیتی کے معاملات انجام دئے ہیں جن کے تعلق سے تحقیقات کی جارہی ہے۔
کچھ دن پہلے کارکلا کے بنگلے گُڈّے میں یشودا بھٹ کے گھر میں گھس کر حملہ کرنے کے بعد 168گرام سونے کے زیورات اور ایک لاکھ روپے نقد لوٹ لیے گئے تھے۔اس معاملے کی تحقیقات کے دوران ساجد اور امیرالدین نامی ملزم پولیس کے ہاتھ لگے ۔ان سے پوچھ تاچھ کے دوران معلوم ہواکہ اس معاملے میں مزید چار افراد شامل ہیں۔جن کی گرفتاری کے لئے پولیس نے جال بچھایاموڈبیدری کی طرف جاتے ہوئے ان ملزموں کو گرفتار کرلیا۔بقیہ ملزمین جو ابھی پولیس کے ہاتھ نہیں لگے ہیں ان کی شناخت کاپو کے اظہرالدین، شیموگہ کے شریف اور کاسرگوڈ کے رشید کے طورپر کی گئی ہے۔